30°C Sunny

گوادر سیف سٹی منصوبے پر تیزی سے عملی پیشرفت جاری

گوادر: حکومت نے گوادر کو جدید، محفوظ اور اسمارٹ شہر بنانے کے وژن کے تحت سیف سٹی منصوبے پر عملی کام تیز کر دیا ہے، جس کے تحت شہر کے اہم اور مصروف مقامات پر سو سے زائد ٹاورز اور پولز نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ جدید نگرانی کے کیمرے لگائے جا سکیں۔

سیف سٹی منصوبے کے حکام کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً 7.5 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ شہر کے 135 اہم مقامات پر مجموعی طور پر 760 جدید کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ منصوبے کے ذریعے تقریباً 145 مربع کلومیٹر علاقے کی مؤثر نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے مرکزی کمپلیکس اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی تعمیر بھی تیزی سے جاری ہے اور جلد ہی منصوبہ مکمل کر کے فعال بنا دیا جائے گا تاکہ شہر میں جدید سیکیورٹی اور نگرانی کا مؤثر نظام قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سیف سٹی منصوبہ شہر کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے، جو امن و امان، شہری تحفظ، ٹریفک مینجمنٹ، کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

حکام کے مطابق جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ منصوبہ جرائم کی روک تھام، شہریوں اور سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے اور شہر میں سیکیورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک تاریخی قدم ثابت ہوگا۔