بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں ہوگیا، جہاں ماہرین، پالیسی سازوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
دو روزہ کانفرنس اسلام آباد کے سرینا ہوٹل کے شیش محل ہال میں منعقد کی جا رہی ہے، جس کا افتتاح قومی ترانے اور تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا۔
کانفرنس کا انعقاد ڈان میڈیا کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کا محور پاکستان کو درپیش موسمیاتی خطرات، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور مقامی و عالمی سطح پر مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔
منتظمین کے مطابق پاکستان عالمی کاربن اخراج میں معمولی حصہ رکھتا ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جس کے باعث مربوط ماحولیاتی پالیسی ناگزیر ہو چکی ہے۔
ڈان میڈیا کی سی ای او ناز آفرین سیگل لاکھانی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا نہیں بلکہ موجودہ دور کا سنگین مسئلہ بن چکی ہے، جس کے اثرات پاکستان سمیت پوری دنیا میں شدت اختیار کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے دوران موسمیاتی انصاف، ماحولیاتی فنڈنگ، قابل تجدید توانائی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور پبلک پرائیویٹ شراکت داری جیسے موضوعات پر مختلف سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔
منتظمین کے مطابق کانفرنس کا مقصد مختلف شعبوں کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے موسمیاتی چیلنجز کے لیے قابل عمل حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔