34°C Storm

پاکستان نے خلا مشن کے لیے دو خلاباز منتخب کر لیے

پاکستان نے چین کے ساتھ مشترکہ انسانی خلائی مشن کے لیے دو خلاباز امیدواروں کا انتخاب کر لیا ہے، جن میں سے ایک کو 2026 کے آخر تک خلا میں بھیجا جائے گا۔

SUPARCO کے مطابق خرم داؤد اور محمد زیشان علی کو شارٹ لسٹ کر کے چین بھیج دیا گیا ہے جہاں انہیں جدید تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ چینی اسپیس اسٹیشن کے مشن کا حصہ بن سکیں۔

حکام کے مطابق ان میں سے ایک خلاباز “پے لوڈ اسپیشلسٹ” کے طور پر شینژو مشن میں شامل ہوگا اور خلا میں مختلف سائنسی تجربات کرے گا۔

منصوبے کے تحت مائیکرو گریویٹی میں میٹریل سائنس، فلوئڈ فزکس، لائف سائنسز اور بایوٹیکنالوجی پر تحقیق کی جائے گی، جس کے نتائج موسمیاتی تحقیق، خوراک کی سلامتی اور صنعتی ترقی میں مددگار ہوں گے۔

یہ پاکستان کا پہلا انسانی خلائی مشن ہوگا، جس سے ملک کی خلائی تحقیق کا دائرہ مصنوعی سیاروں سے آگے بڑھ کر انسانی اسپیس فلائٹ تک پہنچ جائے گا، جبکہ اسے پاکستان اور چین کے درمیان سائنسی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔