فیصل آباد، پاکستان میں جرمنی کے ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو اور واسا فیصل آباد کے درمیان 40 ملین یورو کی گرانٹ کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق مضبوط بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ تین سالہ منصوبہ صاف پانی کی فراہمی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور زیر زمین پانی کے نظام کو جدید بنانے پر مشتمل ہے۔ منصوبے کے تحت 25 ٹیوب ویلز کی بحالی، نئے واٹر ٹینکس کی تعمیر، فلٹریشن سسٹم کی اپ گریڈیشن اور پانی کی نئی لائنوں کی تنصیب شامل ہے۔
منصوبے کے تحت بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے زیر زمین ذخیرہ بھی بنایا جائے گا جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید وسعت دی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب حکومت اور جرمن اداروں کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا اور واسا فیصل آباد اس کی عملی نگرانی کرے گا۔
جرمن سفیر نے اس منصوبے کو شہری سہولیات اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہم قرار دیا ہے، جبکہ حکام کے مطابق اس سے فیصل آباد کے شہریوں کو صاف پانی کی بہتر فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔