30°C Sunny

بلوچستان طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کردیا گیا

بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (بیف) نے تعلیمی سال 2026 کے لیے “شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد بلوچستان کے ذہین اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ مالی مشکلات ان کی تعلیمی ترقی میں رکاوٹ نہ بن سکیں۔

بیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد خالد منڈائی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر اس اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا۔ حکام کے مطابق یہ پروگرام صوبے کے تمام اضلاع کے ان طلبہ کے لیے مختص ہے جنہوں نے 2026 کے سالانہ میٹرک امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔

جاری کردہ عبوری میرٹ لسٹ کے مطابق ہر ضلع سے ٹاپ 10 طلبہ کو مکمل فنڈڈ اسکالرشپ دی جائے گی، جن میں پانچ طالب علم اور پانچ طالبات شامل ہوں گے۔ میرٹ لسٹ متعلقہ تعلیمی بورڈز کے فراہم کردہ نتائج اور ڈیٹا کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔

بیف حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ فہرست عارضی نوعیت کی ہے اور وہ طلبہ جنہوں نے اعلیٰ نمبر حاصل کیے لیکن ان کے نام فہرست میں شامل نہیں ہو سکے، وہ 30 جون 2026 تک بیف دفتر میں اسکالرشپ فارم یا اپنے اعتراضات جمع کرا سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے کے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور بلوچستان میں تعلیمی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ تعلیمی ماہرین نے اس پروگرام کو بلوچستان کے طلبہ کے لیے ایک مثبت اور اہم قدم قرار دیا ہے، جو صوبے میں تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی میں مددگار ثابت ہوگا۔

دوسری جانب پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی تعاون کے تحت علامہ محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی روابط مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔