تربت میں لیاقت انگلش پبلک اسکول سری کہن میں انسپائریشن لیب کے زیر اہتمام اور ضلعی انتظامیہ کیچ کے تعاون سے منعقدہ دو روزہ لیڈرشپ بوٹ کیمپ اختتام پذیر ہوگیا۔ تربیتی کیمپ میں ۴۰ نوجوانوں نے شرکت کی، جن میں زیادہ تر تعداد لڑکیوں کی تھی۔ اس سرگرمی کا مقصد نوجوانوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا، خود اعتمادی بڑھانا اور انہیں عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ کے نوجوانوں میں بے پناہ قابلیت موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نوجوانوں کی ترقی، تربیت اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
کیمپ کے دوران ماہرین نے شرکا کو قیادت، شخصیت سازی، خود اعتمادی، ذہنی صحت، مستقبل کے پیشہ ورانہ منصوبہ بندی اور مؤثر ابلاغ کے موضوعات پر تربیت فراہم کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کی شناخت، بہتر فیصلے کرنے اور مستقبل کے اہداف کے حصول کے لیے تیار کرنا تھا۔
انسپائریشن لیب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زامران بلوچ نے بتایا کہ ادارہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں کی تربیت اور ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ کیمپ کے اختتام پر نوجوانوں کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے اور ایسی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا گیا تاکہ وہ معاشرے اور ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔