گوادر: Gwadar Port Authority (گوادر پورٹ اتھارٹی) نے اعلان کیا ہے کہ ایچ ایم او لیڈر کی کامیاب برتھنگ گوادر پورٹ پر مکمل کر لی گئی ہے، جو جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر بندرگاہ پر پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق اس جہاز کا آئی ایم او نمبر 9169811 ہے اور یہ 368 میٹرک ٹن جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر گوادر بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ حکام کے مطابق اس پیش رفت سے بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیوں اور کارگو ہینڈلنگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ ایک ملٹی پرپز ہیوی لفٹ کارگو شپ ہے جو جدید کرینوں سے لیس ہے اور بڑے صنعتی پائپ، مشینری اور پراجیکٹ ایکوئپمنٹ جیسے بھاری اور خصوصی سامان کو ہینڈل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے مطابق اس نوعیت کے کارگو کی کامیاب ہینڈلنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ گوادر پورٹ پیچیدہ لاجسٹکس اور متنوع شپنگ ضروریات کو مؤثر انداز میں سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
حکام نے کہا کہ ایچ ایم او لیڈر کی آمد کو سمندری تجارت کے فروغ، علاقائی روابط کی مضبوطی اور بین الاقوامی شپنگ لائنز کے اعتماد میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو گوادر پورٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔