27°C Sunny

گوادر میرین ڈرائیو پر صفائی، شجرکاری اور شمسی روشنی کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت خبر

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے گوادر میرین ڈرائیو کے ساتھ صفائی، شجرکاری، شمسی روشنی اور دیگر عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے تفریحی مقام کے دورے کے دوران ساحلی علاقے میں خوبصورتی کے لیے کی جانے والی تزئین و آرائش، شجرکاری، صفائی کے انتظامات اور شمسی روشنی کے نظام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے حال ہی میں لگائے گئے درختوں اور پودوں کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ان کی مناسب دیکھ بھال اور باقاعدگی سے پانی دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میرین ڈرائیو گوادر میں شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک اہم تفریحی مقام ہے، اس لیے یہاں صفائی ستھرائی، سرسبزی اور بنیادی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ جی ڈی اے حکام کو ساحلی علاقے کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور عوام کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ معین الرحمٰن خان نے متعلقہ عملے کو شجرکاری اور صفائی کے انتظامات کی باقاعدہ نگرانی کرنے پر زور دیا تاکہ میرین ڈرائیو کو مزید خوبصورت، صاف ستھرا اور سیاحوں کے لیے پرکشش بنایا جاسکے۔