27°C Sunny

پاکستان اور کرغزستان کا دو سال میں باہمی تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر

پاکستان اور کرغزستان نے آئندہ دو سال کے دوران دوطرفہ تجارت کا حجم موجودہ تقریباً 16 ملین ڈالر سے بڑھا کر 200 ملین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کردیا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور کرغز وزیر خارجہ نے بشکیک میں معاہدے پر دستخط کیے، جس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صدر جپاروف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے معاہدے کو مفاہمتی یادداشت کے بجائے باضابطہ معاہدے میں تبدیل کرنے کی تجویز دی تاکہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے دونوں ممالک کا عزم مزید مضبوط ہو۔ دونوں ممالک تجارت کے طریقہ کار بہتر بنانے، مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے، صنعتی تعاون مضبوط کرنے اور کاروباری و مالیاتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے پر متفق ہوئے۔ وزیراعظم کے دورہ کرغزستان کے دوران ٹرانزٹ تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، ڈاک خدمات، برقی تجارت اور ایوان ہائے تجارت کے درمیان تعاون سمیت متعدد معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس کے علاوہ ورچوئل اثاثوں، طبی تعلیم، عمومی تعلیم، ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور علمی تحقیق کے شعبوں میں مفاہمتی دستاویزات طے ہوئیں۔ دونوں ممالک نے منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون، حوالگی معاہدے اور فوجداری معاملات میں قانونی معاونت سے متعلق امور پر بھی پیش رفت کی۔ لاہور اور اوش کو جڑواں شہر قرار دیا گیا۔