27°C Sunny

آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران جائیں گے، علاقائی امن پر اہم مذاکرات متوقع

پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران کے دارالحکومت تہران کا دورہ کریں گے، جہاں وہ علاقائی امن و استحکام سے متعلق ایرانی اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم مذاکرات کریں گے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کا حصہ ہے۔ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق آرمی چیف اپنے دورے کے دوران اعلیٰ ایرانی حکام سے ملاقاتیں اور بات چیت کریں گے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور واشنگٹن کی جانب سے تہران پر مزید سخت اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ پاکستان گزشتہ کئی ماہ سے امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے سفارتی حل اور مذاکرات کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ جون میں پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان عبوری امن معاہدے میں بھی کردار ادا کیا تھا، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام اور امریکی پابندیوں سے متعلق معاملات پر حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی عاصم منیر سے حالیہ علاقائی صورتحال اور سیاسی و سفارتی حل کے فروغ سے متعلق امور پر گفتگو کی ہے۔ اسلام آباد کا مؤقف ہے کہ تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور پاکستان خطے میں پائیدار امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔