29°C Sunny

گوادر میں سرکاری ہسپتالوں کی نگرانی سخت، غفلت پر کارروائی کا انتباہ

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے سرکاری ہسپتالوں میں طبی خدمات کی بہتری کے لیے سخت نگرانی اور جوابدہی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غفلت، انتظامی کوتاہی اور عملے کی غیر حاضری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے منگل کے روز میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال کے تفصیلی دورے کے دوران کہی، جہاں انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا جن میں تھیلیسیمیا سینٹر، لیبارٹری، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، فارمیسی، ڈائیلاسز سینٹر، ایمرجنسی یونٹ اور مرد و خواتین وارڈز شامل تھے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات بھی کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کی شکایات فوری طور پر حل کی جائیں اور علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔

نقیب اللہ کاکڑ نے ادویات کے ذخائر، او پی ڈی ریکارڈز، مریضوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار، طبی آلات کی دستیابی اور ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی حاضری کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں کسی بھی قسم کی غفلت پر سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق نظم و ضبط، پیشہ ورانہ رویہ اور بروقت حاضری معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بنیادی شرائط ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامی خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو ممکن بنایا جائے تاکہ مریضوں کو بہتر ماحول فراہم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی اداروں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھے گی اور اچانک معائنوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شفافیت، جوابدہی اور مؤثر خدمات کو فروغ دیا جا سکے۔