30°C Storm

ڈھاکہ و اسلام آباد تعلقات میں مثبت پیش رفت، تعاون بڑھانے کا سنہری موقع ہے: بنگلہ دیشی ہائی کمشنر

بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد اقبال حسین خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے اور یہ وقت دوطرفہ تعاون بڑھانے کا “سنہری موقع” ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCCI) کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان فضائی اور بحری رابطوں جیسے کچھ عملی چیلنجز موجود ہیں، تاہم باہمی افہام و تفہیم سے انہیں حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ایسا کوئی بڑا رکاوٹ موجود نہیں جو تعلقات کی بہتری میں رکاوٹ بن سکے۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر سے بھی کم ہے، جو اس کی اصل صلاحیت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے باہمی فائدہ حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے ویزا سہولیات میں آسانی، کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز اور تجارتی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے چیمبرز میں خصوصی سہولت ڈیسک قائم کرنے کی بھی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ براہ راست بحری تجارت کا آغاز ایک اہم پیش رفت ہے جو لاجسٹکس کو بہتر بنانے میں مدد دے گی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بینکاری روابط کو مضبوط بنانا بھی ضروری ہے۔