گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پشیکان فشنگ جیٹی میں بار بار سمندری مٹی جمع ہونے کے مسئلے کے مستقل حل کیلئے بلوچستان حکومت کو جامع تجویز پیش کردی
19 اگست کو جمع کرائی گئی تجویز میں مستقل ڈریجنگ اور جیٹی کے بریک واٹر کو توسیع دینے کیلئے منظوری اور فنڈز فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے، سمندری مٹی جمع ہونے کے باعث جیٹی میں ماہی گیروں کی کشتیوں کی آمدورفت متاثر ہورہی ہے
گوادر سے رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن اور جی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے پشیکان فشنگ جیٹی کا دورہ کیا اور کشتیوں کی آمدورفت میں مشکلات، جاری ڈریجنگ آپریشن اور جیٹی کی مستقل بحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیا
حکام نے موجودہ ڈریجنگ اور کھدائی کے کام کو تیز کرنے جبکہ کشتیوں کی واپسی کا راستہ ہنگامی بنیادوں پر صاف کرنے کی ہدایت کی تاکہ مقامی ماہی گیر برادری کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے
مقامی ماہی گیروں اور کمیونٹی نمائندگان نے جیٹی کی بحالی اور کشتیوں کی نقل و حرکت سے متعلق مسائل سے حکام کو آگاہ کیا، حکام نے فوری اور طویل مدتی اقدامات کی یقین دہانی کرائی
بعد ازاں وفد نے میرین ڈرائیو پر پلیری کور ہور میں زیر تعمیر کاز وے کا بھی معائنہ کیا، جی ڈی اے چیف انجینئر حاجی سید محمد کے مطابق کاز وے ایک سے دو ماہ میں مکمل کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا
انہوں نے پشیکان کے قریب میرین ڈرائیو کی سڑک کی مرمت اور بحالی کیلئے بھی منصوبہ زیر غور ہونے کا بتایا