گوادر پورٹ پاکستان کی معاشی اور جغرافیائی اہمیت کے حامل منصوبے کے طور پر ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں بندرگاہی سرگرمیوں، تجارتی آپریشنز، لاجسٹکس سہولیات اور علاقائی رابطوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ طویل عرصے تک گوادر کو مستقبل کے وعدے کے طور پر دیکھا جاتا رہا، تاہم اب یہ بتدریج ایک فعال بحری اور تجارتی مرکز کی شکل اختیار کر رہا ہے۔
بحیرہ عرب کے اہم مقام پر واقع گوادر پورٹ آبنائے ہرمز کے قریب ہونے کے باعث عالمی تجارت میں نمایاں اہمیت رکھتا ہے۔ یہ بندرگاہ پاکستان کو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی چین کے درمیان تجارتی رابطے کے لیے ایک اہم پل فراہم کرتی ہے، جبکہ چین اور دیگر علاقائی ممالک کے لیے بھی مختصر اور محفوظ بحری راستے کے امکانات پیدا کرتی ہے۔
حالیہ عرصے میں گوادر پورٹ پر مختلف نوعیت کے تجارتی کارگو آپریشنز میں اضافہ ہوا ہے، جن میں زرعی مصنوعات، معدنیات، صنعتی سامان اور درآمدی مشینری کی ترسیل شامل ہے۔ ان سرگرمیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ بندرگاہ صرف تعمیراتی مرحلے تک محدود نہیں رہی بلکہ عملی تجارتی استعمال کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
گوادر میں میرین ری فیولنگ، بنکرنگ، تازہ پانی کی فراہمی، پائلٹیج اور دیگر بحری سہولیات کی دستیابی نے بندرگاہ کو عالمی شپنگ لائنز کے لیے مزید پرکشش بنا دیا ہے۔ یہ سہولیات بین الاقوامی سمندری راستوں پر سفر کرنے والے جہازوں کو اضافی لاجسٹکس سپورٹ فراہم کرتی ہیں۔
سی پیک کے تحت گوادر فری زون، شاہراہوں، توانائی منصوبوں، ڈیجیٹل رابطوں اور شہری انفراسٹرکچر کی ترقی نے بندرگاہی منصوبے کو ایک جامع معاشی ماڈل میں تبدیل کیا ہے۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے سمیت جدید سڑکوں کے نیٹ ورک نے گوادر کو ملک کے دیگر حصوں سے منسلک کیا ہے، جبکہ توانائی اور پانی کے منصوبے صنعتی و شہری ترقی کے لیے بنیادی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی اس ترقیاتی وژن کا اہم حصہ ہے، جو بندرگاہ کے ساتھ مل کر ایک جدید ملٹی موڈل لاجسٹکس نظام تشکیل دے رہا ہے۔ فائبر آپٹک رابطوں اور ڈیجیٹل نظاموں کے ذریعے بندرگاہی انتظامات، کسٹمز اور تجارتی سرگرمیوں میں شفافیت اور مؤثریت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حکومت کا وژن ہے کہ گوادر کو مستقبل میں عالمی معیار کے اسمارٹ پورٹ سٹی میں تبدیل کیا جائے، جہاں کنٹینر ٹرمینلز، جدید گودام، کولڈ اسٹوریج، برآمدی صنعتیں، فشریز، شپ ریپئر اور میری ٹائم سروسز کو فروغ دیا جائے گا۔
گوادر کی ترقی کے لیے سکیورٹی کو بھی بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ سی پیک منصوبوں کے تحفظ کے لیے خصوصی سکیورٹی انتظامات، نگرانی کے نظام، ساحلی گشت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات جاری ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی شمولیت، تعلیم، صحت، روزگار، صاف پانی اور فنی تربیت کے منصوبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی بندرگاہوں کی ترقی کئی دہائیوں پر محیط عمل ہوتا ہے، اس لیے گوادر کی کامیابی کو طویل المدتی حکمت عملی، مسلسل سرمایہ کاری، بہتر انتظامی نظام اور علاقائی تعاون کے تناظر میں دیکھنا ہوگا۔ اگر ترقیاتی عمل اسی رفتار سے جاری رہا تو گوادر پاکستان کو علاقائی تجارت، لاجسٹکس اور اقتصادی رابطوں کا اہم مرکز بنانے میں بنیادی کردار ادا کر سکتا ہے۔