32°C Storm

پاکستان بحریہ کی بروقت کارروائی، بحیرہ عرب میں 18 افراد کو بچا لیا

پاکستان بحریہ نے بحیرہ عرب کے شمالی حصے میں ایک تجارتی جہاز سے 18 افراد کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا۔

ترجمان کے مطابق امدادی کارروائی اس وقت شروع کی گئی جب ایم وی گولڈ آٹم کی جانب سے ہنگامی پیغام موصول ہوا، جو پاکستان کے ساحل سے تقریباً 200 ناٹیکل میل دور موجود تھا۔

ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا کے شہری شامل ہیں۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے فوری طور پر میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کیا، جس کے بعد پی این ایس حنین کو امدادی کارروائی کے لیے روانہ کیا گیا۔

بحری جہاز کی ٹیم نے نہ صرف عملے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا بلکہ طبی امداد فراہم کی، آگ بجھانے میں مدد دی اور جہاز کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

تمام ریسکیو کیے گئے افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کے بعد ان کے آبائی ممالک واپس بھیجا جائے گا۔

پاکستان بحریہ نے کہا کہ یہ کارروائی سمندری ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور انسانی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔