کولمبو میں بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، صحت سے متعلق معلومات اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے صحت کی خدمات کو جدید بنانے، ادارہ جاتی کارکردگی بہتر کرنے اور شفافیت و جوابدہی مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ سری لنکا کے دارالحکومت میں ڈی ایچ آئی ایس 2 ایشیا پیسیفک کانفرنس 2026 کی افتتاحی نشست سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ آئی ایس 2 پلیٹ فارم صحت سے متعلق معلومات تک تیز رسائی، رپورٹنگ کے نظام میں بہتری اور طبی مراکز کی مؤثر نگرانی میں مدد فراہم کررہا ہے۔ بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وزیر صحت نے بلوچستان میں صحت کے شعبے کی ڈیجیٹلائزیشن، انتظامی اصلاحات اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی میں ہونے والی پیش رفت سے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی صرف ٹیکنالوجی متعارف کرانے تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد خدمات کی فراہمی بہتر بنانا، وسائل کا مؤثر استعمال، اداروں کی کارکردگی کی منظم نگرانی اور انتظامی نگرانی مضبوط کرنا ہے۔ یونیورسٹی آف اوسلو کے نمائندوں نے بخت کاکڑ کی قیادت اور بلوچستان میں ڈیجیٹل صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کی کوششوں کو سراہا۔ صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ابابگر بلوچ کی صحت اطلاعاتی نظام کو مضبوط بنانے میں خدمات کو بھی تسلیم کیا گیا۔ وزیر صحت نے یونیسیف بلوچستان اور ہسپ پاکستان کے تکنیکی تعاون کو بھی سراہا۔ کانفرنس میں 26 ممالک کے حکام، ماہرین صحت، محققین اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہوئے