پاکستان میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے اگست 2026 کے دوران 259 ملین ڈالر کی آمد ہوئی، جس کے بعد اسکیم کے تحت مجموعی سرمایہ 13.906 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی میں مجموعی آمد 13.647 ارب ڈالر تھی، یوں اگست میں مجموعی رقم میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے مطابق اگست کی 259 ملین ڈالر آمد گزشتہ 6 ماہ کی اوسط 290 ملین ڈالر سے کم رہی، تاہم ستمبر 2020 میں اسکیم کے آغاز سے اب تک کی طویل مدتی ماہانہ اوسط 193 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ مجموعی آمد میں سے 2.130 ارب ڈالر بیرون ملک واپس بھیجے جاچکے ہیں جبکہ 8.767 ارب ڈالر ملک میں استعمال کیے گئے۔ اگست کے اختتام پر خالص قابل واپسی رقم تقریباً 3 ارب ڈالر رہی۔ اس میں 2.048 ارب ڈالر نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کیے گئے، جن میں 716 ملین ڈالر روایتی اور 1.332 ارب ڈالر اسلامی سرٹیفکیٹس شامل ہیں۔ روشن حصصی سرمایہ کاری 155 ملین ڈالر جبکہ 729 ملین ڈالر اکاؤنٹس میں موجود رہے۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد بھی بڑھ کر 966144 ہوگئی جو جولائی کے 956790 اکاؤنٹس کے مقابلے میں 9345 کا اضافہ ہے۔ یہ اسکیم بیرون ملک پاکستانیوں کو بغیر بینک شاخ گئے ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت فراہم کرتی ہے