گوادر میں کام کرنے والی تمام بین الاقوامی تنظیموں کو اپنی قانونی حیثیت، منصوبوں، عملے اور متعلقہ اجازت ناموں سمیت مکمل تفصیلات سات روز کے اندر محکمہ سوشل ویلفیئر میں جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی
ڈپٹی کمشنر گوادر کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر گوادر کے دفتر سے جاری نوٹس کے مطابق ضلع میں سماجی اور ترقیاتی سرگرمیوں میں مصروف بین الاقوامی تنظیموں کا سرکاری ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کیلئے معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں
تنظیموں سے نام، قانونی و تنظیمی حیثیت، سرگرمیوں کی نوعیت اور دائرہ کار، آپریشنل علاقوں اور مستفید ہونے والی آبادی کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں
انہیں مکمل اور جاری منصوبوں، مجوزہ پروگرامز، منصوبوں پر پیش رفت اور کارکردگی کے ساتھ متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کردہ قابل عمل این او سیز، اجازت ناموں اور دیگر منظوریوں کی نقول بھی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے
نوٹس میں گوادر میں تنظیموں کے فوکل پرسنز، مجاز نمائندگان، ملازمین اور دیگر عملے، متعلقہ شعبوں اور شراکت دار اداروں کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں
حکام کے مطابق معلومات کے حصول سے ترقیاتی سرگرمیوں کی نگرانی، منصوبوں کے غیر ضروری تکرار کی روک تھام اور مقامی ضروریات کے مطابق فلاحی اقدامات میں بہتر رابطہ کاری ممکن ہوگی
محکمہ سوشل ویلفیئر نے مقررہ مدت میں معلومات فراہم نہ کرنے والی تنظیموں کے خلاف متعلقہ قوانین اور ضوابط کے تحت کارروائی کا انتباہ دیا ہے