30°C Sunny

گوادر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کی تشخیص کی صلاحیت میں اضافہ، جدید ٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی سے بروقت علاج ممکن ہوگا

گوادر ٹیچنگ ہسپتال میں ڈینگی کی تشخیص کی صلاحیت میں اضافہ، جدید ٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی سے بروقت علاج ممکن ہوگا

گوادر، 2اپریل 2026: گوادر میں محکمہ صحت کی اعلیٰ قیادت، خصوصی سیکرٹری صحت اور ڈپٹی کمشنر گوادر کی ہدایات کی روشنی میں گوادر ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ نے ڈینگی کے مریضوں کی بروقت تشخیص اور علاج کو بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے جدید تشخیصی ٹیسٹنگ کٹس حاصل کر لی ہیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ کے مطابق یہ اقدام ہسپتال کی لیبارٹری صلاحیت کو مضبوط بنانے اور ڈینگی جیسے موسمی امراض کی جلد تشخیص کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیسٹنگ کٹس کی دستیابی سے مریضوں میں بیماری کی بروقت شناخت ممکن ہوگی، جس سے پیچیدگیوں میں نمایاں کمی آئے گی اور علاج کے نتائج بہتر ہوں گے۔

ڈاکٹر حفیظ بلوچ نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لا کر صحت کی سہولیات میں بہتری اور لیبارٹری سروسز کو مسلسل مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق ڈینگی کی جلد تشخیص مریضوں کی جان بچانے اور بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

مقامی سطح پر اس اقدام کو مثبت قرار دیا گیا ہے اور عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے گوادر میں ڈینگی کی تشخیص اور علاج کے نظام میں واضح بہتری آئے گی۔ شہریوں نے اسے ایک خوش آئند قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صحت کے شعبے میں اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ گوادر جیسے ساحلی علاقے میں موسمی تبدیلیوں کے دوران ڈینگی سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس کے پیش نظر بروقت تشخیص اور مؤثر علاج کی سہولیات انتہائی ضروری ہیں۔

صحت حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف فوری طبی ضروریات کو پورا کرے گا بلکہ مستقبل میں وبائی امراض سے نمٹنے کی تیاریوں کو بھی مضبوط بنائے گا۔ ہسپتال انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صحت کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے۔