پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستانی سفارت خانے نے بیجنگ میں دوسرے پاکستان-چین سلک روڈ آم فیسٹیول کی میزبانی کی، جس کا مقصد پاکستان کی زرعی پیداوار، ثقافت اور تجارتی روابط کو فروغ دینا تھا۔
یہ تقریب پاکستان ہاؤس میں منعقد ہوئی جس کی مشترکہ میزبانی ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کے ساتھ کی گئی۔ فیسٹیول میں 400 سے زائد افراد نے شرکت کی جن میں چینی سرکاری حکام، سفارت کار، کاروباری شخصیات، میڈیا نمائندگان، فنکار اور ثقافتی و تجارتی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے آم کو “پھلوں کا بادشاہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی زرعی وراثت اور ثقافتی شناخت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آم اپنی منفرد خوشبو، مٹھاس اور ذائقے کے باعث دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں اور یہ پاکستان کی مہمان نوازی اور دوستی کی بھی علامت ہیں۔
سفیر نے کہا کہ اس فیسٹیول کا مقصد پاکستان کی زرعی برآمدات کو فروغ دینا اور پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی، تجارتی اور عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئی ہے اور ایسے ثقافتی اقدامات اس تعلق کو مزید گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
