بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں آٹھ دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خاران میں کارروائی کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے، جبکہ مستونگ میں پانچ دہشت گرد، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ بارودی مواد (آئی ای ڈیز) اور موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ تمام خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔