30°C Sunny

پاک بحریہ کو مستقل جنگی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت جاری

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بدلتی علاقائی صورتحال اور سمندری خطرات کے پیش نظر پاک بحریہ کو مستقل جنگی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ روایتی اور غیر روایتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مکمل آپریشنل تیاری ناگزیر ہو چکی ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق یہ ہدایات نیول ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان نیوی کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کے دوران جاری کی گئیں، جہاں آپریشنل تیاریوں، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سمندری راستوں کی آزادی، اہم بحری تجارتی گزرگاہوں کے تحفظ اور حساس سمندری مقامات پر سیکیورٹی خدشات جیسے مسائل تیزی سے ابھر رہے ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ کو ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جدید اور خصوصی دفاعی ٹیکنالوجی کا حصول اب صرف ضرورت نہیں بلکہ ایک اہم اسٹریٹجک تقاضا بن چکا ہے۔ ان کے مطابق پاک بحریہ خلیج عمان میں اپنی مسلسل موجودگی کے ذریعے عالمی بحری برادری کو تحفظ اور اعتماد فراہم کر رہی ہے۔

کانفرنس کے دوران “مارکہ حق” کی پہلی برسی پر مئی 2025 کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ نیول چیف نے اس کامیابی کو قومی اتحاد، عزم اور بیرونی جارحیت کے خلاف مضبوط ردعمل کی علامت قرار دیا۔

اجلاس میں علاقائی سمندری سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں بحری ترجیحات کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور مختلف جنگی شعبوں میں تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔

پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی ماحول میں پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیت کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ قومی مفادات اور سمندری راستوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔