30°C Sunny

بلوچستان: مزدوروں کو ترقی کا ستون قرار، حکومت کی فلاحی اقدامات کی یقین دہانی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ مزدور کے موقع پر کہا ہے کہ معاشرے کی اصل طاقت محنت کش طبقہ ہے، جس کی مسلسل جدوجہد قومی ترقی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مزدور سخت حالات، محدود وسائل اور مختلف چیلنجز کے باوجود اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان کی قربانیاں حقیقی ترقی کا اہم عنصر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ مزدوروں کے حقوق، عزت اور فلاح و بہبود کا تحفظ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس حوالے سے عملی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایک منظم پروگرام کے تحت مزدوروں کے بچوں کو ملک کے معروف تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ معاشی اور سماجی رکاوٹوں کو عبور کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے بچے صرف اسی پیشے تک محدود نہیں بلکہ تعلیم اور محنت کے ذریعے اعلیٰ عہدوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید تکنیکی اور فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے پروگرامز کو وسعت دے رہی ہے تاکہ انہیں بہتر روزگار کے مواقع میسر آئیں اور معیارِ زندگی میں بہتری آئے۔

انہوں نے مزدوروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل محنت اور جدوجہد معاشرتی ترقی کا بنیادی محرک ہے، اور حکومت ان کی فلاح و بہبود اور بااختیاری کے لیے پرعزم ہے۔