30°C Sunny

پاک چین معاہدے اہم شعبوں میں ترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے

کراچی: صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشتیں مختلف اہم شعبوں میں ترقی، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ان معاہدوں سے صنعتی تعاون کو فروغ ملے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے گا۔

شرجیل میمن نے کراچی میں پانی کی قلت کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے منصوبے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سیلینیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو اضافی پانی فراہم کیا جا سکتا ہے، جس سے مستقبل میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت شہری مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عالمی معیار کی کمپنیوں کے ساتھ تعاون اسی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ان منصوبوں سے نہ صرف انفراسٹرکچر بہتر ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

صوبائی وزیر کے مطابق زرعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے ساتھ تعاون صوبے کی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے، جس سے زرعی پیداوار اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدے سندھ کی مجموعی ترقی اور جدید خطوط پر استوار معیشت کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے۔