33°C Storm

پاکستان کا مؤقف، پہلگام حملے پر بھارت ثبوت دینے میں ناکام

اسلام آباد، پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت پہلگام حملے کے ایک سال بعد بھی پاکستان کے خلاف اپنے الزامات کے حق میں کوئی قابل اعتماد ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نئی دہلی نے نہ صرف الزامات ثابت نہیں کیے بلکہ غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات سے بھی گریز کیا ہے۔

بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بھارت نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت اس واقعے کو بنیاد بنا کر خطے میں کشیدگی بڑھاتا رہا، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ شفاف اور آزاد تحقیقات کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے خطے میں کشیدگی کو بڑھایا اور بعد ازاں دونوں ممالک کے درمیان جنگی صورتحال بھی پیدا ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ بھارت نے اس واقعے کے بعد پاکستان کے اندر کارروائیاں کیں جبکہ پاکستان نے دفاع میں بھرپور جواب دیا۔ ان کے مطابق پاکستان نے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کیے اور عالمی سطح پر اپنی مؤقف کو واضح کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے اس واقعے پر اب تک کوئی قابل قبول وضاحت یا ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، جبکہ پاکستان کا مؤقف واضح اور اصولی ہے کہ ہر معاملے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات ہونی چاہئیں۔