خضدار، بلوچستان کے علاقے باغبانا میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز شہید ہو گئیں، جو بلوچستان کی تاریخ میں ڈیوٹی کے دوران شہید ہونے والی پہلی خاتون پولیس اہلکار بن گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس ٹیم ایک چوری کی اطلاع پر علاقے میں پہنچی تھی، جہاں پہلے سے موجود دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو گھیر کر ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ تاہم پولیس اہلکاروں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں لیڈی کانسٹیبل ملک ناز اور ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق شہید اہلکار ملک ناز کا تعلق ایک قربانی دینے والے خاندان سے تھا، ان کے شوہر بھی لیویز فورس میں خدمات کے دوران شہید ہو چکے تھے۔
بلوچستان حکومت نے شہید اہلکار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ناز نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر کے صوبے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔