30°C Storm

ڈی جی پی سی نے فرنٹیئر ہولڈنگز سے خفیہ رپورٹس کے مبینہ غلط استعمال پر وضاحت طلب کر لی

اسلام آباد، پاکستان میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پیٹرولیم کنسیشنز (ڈی جی پی سی) نے فرنٹیئر ہولڈنگز لمیٹڈ سے مبینہ طور پر خفیہ انکوائری رپورٹس کے غیر قانونی حصول اور استعمال پر وضاحت طلب کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی پی سی نے کمپنی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ یہ رپورٹس نہ تو باضابطہ طور پر جاری کی گئیں اور نہ ہی انہیں عوامی سطح پر شیئر کیا گیا تھا، اس لیے ان کے استعمال کی قانونی حیثیت واضح کی جائے۔

حکام کے مطابق کمپنی نے ان رپورٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت مختلف قانونی فورمز پر استعمال کیا، جس پر سرکاری ادارے نے سنگین تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خط میں فرنٹیئر ہولڈنگز کو سات ورکنگ دنوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ معاملے کو حساس معلومات کے غلط استعمال سے جوڑا جا رہا ہے۔

یہ پیشرفت کمپنی اور اس کی ذیلی ادارے اسپڈ انرجی کے درمیان جاری ملکیت کے تنازع کے دوران سامنے آئی ہے، جس میں آف شور ٹرانزیکشنز اور ریگولیٹری منظوریوں پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔