گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبے میں 10 لاکھ مصنوعی ذہانت کے ماہرین کی تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے جامعات میں تعلیمی اور انتظامی اصلاحات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کو مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ نوجوان ملکی اور عالمی سطح پر بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔ گورنر نے جامعات میں تدریسی معیار، تحقیق اور جدید تعلیمی نظام کو فروغ دینے پر بھی زور دیا اور کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے اداروں کو بدلتے ہوئے علمی اور پیشہ ورانہ تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور طلبہ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔ ملاقات کے دوران اہل کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ گورنر نے کہا کہ جن ملازمین کی اہلیت اور مقررہ شرائط مکمل ہیں، ان کے معاملات کو قانون اور قواعد کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو جامعات کی بہتری، تعلیمی معیار بلند کرنے اور ملازمین سے متعلق جائز مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ گورنر نے واضح کیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنا صوبے کی ترقی کے لیے اہم ہے