27°C Sunny

بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے جامع حکمرانی، باہمی مشاورت اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مختلف اہم شخصیات سے ملاقاتوں کے دوران صوبائی ترقی، عوامی فلاح، انتظامی امور، اعلیٰ تعلیم اور دیگر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ، قبائلی رہنماؤں اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی شکایات کے ازالے اور پائیدار ترقی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کی اولین ترجیحات میں شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور حکمرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانا شامل ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی نمائندوں، قبائلی عمائدین، ماہرین تعلیم اور معاشرے کے مختلف طبقات کی آرا کو اہمیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مربوط اقدامات جاری ہیں، جبکہ دور دراز علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا بھی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور اجتماعی مشاورت کے ذریعے بلوچستان کو استحکام، خوشحالی اور طویل مدتی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے