بلوچستان حکومت نے صوبے میں بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے پیش نظر سرکاری اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق تعلیمی ادارے 23 مئی سے 31 جولائی تک بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکول مقررہ تاریخ سے موسم گرما کی تعطیلات پر جائیں گے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو شدید موسم کی مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کے دیگر صوبوں، بشمول پنجاب اور سندھ، نے بھی بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں تمام سرکاری اور نجی اسکول یکم جون سے 31 جولائی تک بند رہیں گے، جبکہ پنجاب میں اسکول 22 مئی سے گرمیوں کی تعطیلات پر جائیں گے اور 24 اگست کو دوبارہ کھلیں گے۔
تعلیمی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر یہ اقدامات ضروری ہیں تاکہ بچوں کی صحت اور تعلیمی ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے۔