27°C Sunny

ایس آئی ایف سی کی معاونت سے بلوچستان میں 200 ملین ڈالر کے معدنی منصوبے کی راہ ہموار – پی پی ایل کا بارائٹ لیڈ زنک منصوبہ عملی مرحلے میں داخل

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی معاونت سے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بارائٹ لیڈ زنک منصوبے سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا مسائل حل ہوگئے ہیں، جس کے بعد 200 ملین ڈالر کی اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے منصوبے پر پیش رفت تیز ہوگئی ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان کے بڑے معدنی ترقیاتی منصوبوں میں شمار کیا جا رہا ہے جسے پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (PPL) اور بولان مائننگ انٹرپرائزز کے مشترکہ تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ منصوبے کا آپریٹر ہے اور اس میں 50 فیصد شراکت داری رکھتا ہے۔

خضدار کا یہ معدنی منصوبہ بلوچستان کے معدنی وسائل سے مالا مال علاقے میں واقع ہے، جہاں اندازاً 69 ملین ٹن ذخائر موجود ہیں۔ منصوبے کی متوقع عمر 34 سال بتائی گئی ہے جبکہ اس سے سالانہ 150 سے 230 ملین ڈالر تک آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔

حکام کے مطابق منصوبہ معدنی برآمدات میں اضافے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور بلوچستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ایس آئی ایف سی نے منصوبے سے متعلق طویل عرصے سے زیر التوا مائننگ لیز کے معاملات حل کرانے میں سہولت فراہم کی، جس کے بعد منصوبہ باقاعدہ عملدرآمد کے مرحلے میں داخل ہوگیا۔

اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کے دوران آپریشنل معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے، جس سے منصوبے کی عملی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے میں مدد ملی۔

حکومت کے مطابق ایس آئی ایف سی کے اقدامات کا مقصد سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا، انتظامی رکاوٹیں دور کرنا اور پاکستان کے معدنی وسائل کو ذمہ دارانہ انداز میں ترقی دینا ہے تاکہ ملک میں سرمایہ کاری، برآمدات اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔