30°C Sunny

جے آئی سی اے کے سربراہ کا ٹیکسلا میوزیم کا دورہ، ورثے کے تحفظ کا جائزہ

جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے) کے سربراہ شینوزاکی یوسوکے نے منگل کے روز ٹیکسلا میوزیم کا دورہ کیا اور قدیم گندھارا تہذیب کے آثار قدیمہ کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران انہیں ٹیکسلا کے تاریخی اور ثقافتی ورثے، میوزیم کے انتظامی امور اور نایاب نوادرات کے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے انہیں بتایا کہ ٹیکسلا یونیسکو کے عالمی ورثے کی فہرست میں شامل ایک اہم تاریخی مقام ہے، جو بدھ مت تہذیب اور گندھارا آرٹ کے حوالے سے دنیا بھر میں نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم ڈوگر نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹیکسلا ویلی میں آثار قدیمہ کے تحفظ کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات جاری ہیں، جن میں اہم تاریخی مقامات کی بحالی اور نوادرات کی حفاظت شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ دنیا بھر کے محققین، ماہرین آثار قدیمہ اور سیاحوں کے لیے خصوصی دلچسپی کا حامل ہے، کیونکہ یہاں گندھارا تہذیب کی اہم نشانیاں محفوظ ہیں۔

حکام کے مطابق پنجاب حکومت بھی ٹیکسلا ویلی میں بڑے پیمانے پر ورثے کے تحفظ کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے، جس کا مقصد تاریخی مقامات کی حفاظت اور انہیں آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔