30°C Sunny

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن پابندیاں نرم کر دیں مارکیٹیں

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیوں پر عائد سخت اوقات کار کی پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے دکانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کے لیے توسیعی اوقات کار کی اجازت دے دی ہے، جو 1 جون 2026 تک نافذ العمل رہے گی۔ اس فیصلے کا مقصد تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور عوام کو خریداری میں زیادہ سہولت فراہم کرنا ہے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے سے نافذ سخت بندش کے اوقات کو عارضی طور پر ختم کر دیا گیا ہے، جس کے تحت کاروباری مراکز مقررہ وقت کی پابندی کے بغیر اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔ اس فیصلے سے صوبے بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کاروباری سرگرمیوں میں واضح بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں لاہور ضلعی انتظامیہ نے بھی اہم فیصلہ کرتے ہوئے مارکیٹوں کی رات 8 بجے بندش کی سابقہ پابندی فوری طور پر ختم کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور علی عنان قمر کے مطابق اس اقدام کے بعد شہر کی تمام مارکیٹیں، شاپنگ سینٹرز اور تجارتی مراکز اب طویل اوقات تک کھلے رہ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ تاجروں کے مسائل کے حل اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ خریداری کے عمل میں آسانی پیدا ہو اور کاروباری سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رہ سکیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ نرمی عارضی نوعیت کی ہے اور اس دوران کاروباری صورتحال، توانائی کے استعمال اور شہری انتظامی معاملات کی نگرانی بھی جاری رہے گی۔ اس فیصلے کو معاشی سرگرمیوں کی بحالی اور کاروباری طبقے کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف تاجروں کو فائدہ ہوگا بلکہ روزمرہ صارفین کو بھی زیادہ سہولت میسر آئے گی۔