27°C Sunny

پاکستان کو مہنگائی کے نئے دباؤ کا سامنا، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

لاہور، 14 اپریل (ویب ڈیسک): واشنگٹن اور تہران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے ناکام اختتام کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، جس سے پاکستان سمیت درآمدی معیشتوں پر مہنگائی کے نئے دباؤ کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز خام تیل کی قیمتیں دوبارہ 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئیں، جس کی بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وہ اشارے ہیں جن میں انہوں نے آبنائے ہرمز پر ممکنہ پابندیوں کا عندیہ دیا۔

آبنائے ہرمز عالمی تیل تجارت کا ایک اہم راستہ ہے جہاں سے دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا کشیدگی عالمی توانائی منڈیوں میں فوری اتار چڑھاؤ پیدا کرتی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں یہ اضافہ پاکستان کے درآمدی بل میں اضافہ، روپے پر دباؤ اور مالیاتی نظم و نسق کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔