27°C Sunny

گوادر میں رائز بلوچستان پروگرام کے تحت ۱۵۰ مستحق افراد کو کاروبار کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس مالی امداد فراہم

گوادر کے ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ رائز بلوچستان پروگرام نوجوانوں اور خواتین کو فنی تربیت، مالی معاونت اور چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کرکے معاشی خودمختاری کی جانب گامزن کر رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب میں گوادر کے ۱۵۰ مستحق افراد کو آمدن بڑھانے یا کاروبار شروع کرنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کس ناقابلِ واپسی مالی امداد دی گئی۔

تقریب میں خصوصی فنی تربیتی کورسز مکمل کرنے والی ۴۰ نوجوان خواتین کو اسناد اور پیشہ ورانہ کٹس بھی فراہم کی گئیں تاکہ وہ ملازمت حاصل کرنے یا اپنا کاروبار شروع کرنے کے قابل ہوسکیں۔ ان میں سے ۲۷ خواتین نے اسلام آباد کے آئی آر ایم انسٹی ٹیوٹ سے بیوٹیشن جبکہ ۱۳ نے کراچی کے گوتم انسٹی ٹیوٹ سے بیکنگ کی تربیت حاصل کی۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق پروگرام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور چیف سیکریٹری بلوچستان کی ہدایات کے تحت نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد غربت میں کمی، گھریلو آمدن میں اضافے اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کے چھ منتخب اضلاع میں رائز بلوچستان پروگرام کے لیے تین سال کے دوران ۱۶ ارب ۷۹ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مستحق افراد کو چھوٹے کاروبار کے قیام کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے تک ناقابلِ واپسی معاونت دی جاسکتی ہے، جبکہ مقررہ معیار کے مطابق بڑے کاروباری منصوبوں کے لیے بھی مدد فراہم کی جاسکتی ہے۔

بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور ان کی شمولیت میں معاونت کر رہا ہے۔ نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ پروگرام کا مقصد محض مالی امداد دینا نہیں بلکہ لوگوں کو باعزت روزگار اور معاشی خودانحصاری کے قابل بنانا ہے۔

Just In
28-10-2026