ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر صدارت ضلع میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں کا اجلاس ہوا، جس میں ان کی سرگرمیوں، ترقیاتی منصوبوں، رجسٹریشن، روزگار کے مواقع اور مالی شفافیت کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ این جی اوز عوامی فلاح اور پائیدار ترقی کو ترجیح دیں اور ملازمتوں، خصوصاً غیر تکنیکی اور نچلی سطح کی آسامیوں پر مقامی افراد کو فوقیت دی جائے۔ تکنیکی عہدوں پر باہر سے ماہرین صرف اس صورت میں رکھے جائیں جب مقامی اہل امیدوار دستیاب نہ ہوں۔
انتظامیہ نے این جی اوز سے فنڈنگ ذرائع، بجٹ، آڈٹ، بینک اکاؤنٹس، جاری و مکمل منصوبوں، خالی آسامیوں اور منصوبوں کے اثرات کی تفصیلات طلب کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کے لیے سولر ٹیکنالوجی سمیت عملی فنی تربیت بڑھانے پر بھی زور دیا۔