بلوچستان حکومت نے زیارت میں منگی ڈیم کے پمپنگ اسٹیشن نمبر 3 کی حفاظت پر مامور پولیس پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیشن قائم کر دیا ہے۔ اس حملے میں 27 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے۔ کمیشن بلوچستان ٹربیونلز آف انکوائری آرڈیننس 1969 کی دفعہ 3(1) کے تحت تشکیل دیا گیا ہے۔
17 اگست کو جاری عوامی نوٹس میں شہریوں، عینی شاہدین اور واقعے سے متعلق دستاویزات یا معلومات رکھنے والے افراد کو کمیشن کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کی دعوت دی گئی ہے۔ تحقیقات میں یہ تعین کیا جائے گا کہ مسلح دہشت گرد حساس تنصیب کی سیکیورٹی توڑنے میں کیسے کامیاب ہوئے۔
کمیشن سیکیورٹی اداروں کے ردعمل، کمانڈ اینڈ کنٹرول، اہلکاروں کی تعیناتی، تربیت، دستیاب اسلحہ و حفاظتی آلات اور واقعے کے مکمل تسلسل کا بھی تفصیلی جائزہ لے گا۔