بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں گندم کی غیرقانونی نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کی غیر مجاز ترسیل اور ذخیرہ کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور مقررہ حد سے زیادہ ذخیرہ رکھنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ مشکوک گوداموں کی سخت نگرانی کی جائے، گندم کی ترسیل سے متعلق دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے اور غیرقانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم کو فوری طور پر ضبط کیا جائے۔
حکام کے مطابق یہ پابندیاں دو ماہ تک نافذ العمل رہیں گی، جن کا مقصد اشیائے خورونوش کی دستیابی کو مستحکم رکھنا اور مصنوعی قلت کو روکنا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ مارکیٹ میں شفافیت اور عوامی مفاد کو یقینی بنایا جا سکے۔