31°C Storm

چیف سیکرٹری بلوچستان کی اسکول انرولمنٹ مہم 2026 پر اجلاس، 2 لاکھ 61 ہزار داخلوں کا ہدف مقرر

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اسکول انرولمنٹ مہم 2026 کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں تعلیمی داخلوں کو بڑھانے اور اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانے کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی سطح پر مجموعی طور پر 2 لاکھ 61 ہزار 12 نئے داخلوں کا ہدف مقرر کیا گیا، جبکہ ڈراپ آؤٹ کی شرح کم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور حکومت کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کر کے شرح خواندگی میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کیلئے مؤثر مہم چلائی جائے اور داخلہ عمل کو آسان بنایا جائے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کوئی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔ حکام کے مطابق مہم کے دوران آگاہی پروگرامز، کمیونٹی شمولیت اور مقامی سطح پر مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔