28°C Sunny

گوادر میں بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 کا جائزہ

گوادر میں بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ماہی گیری نے 3 اکتوبر کو مجوزہ بلوچستان فشریز اینڈ ایکوا کلچر بل 2026 کا جائزہ لیا۔ مجوزہ قانون کا مقصد ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ، سمندری وسائل کی حفاظت، ایکوا کلچر کو فروغ دینا اور ماہی گیری کے شعبے میں مؤثر ضابطہ کاری کو مضبوط بنانا ہے۔ اجلاس میں غیر قانونی ٹرالنگ اور ممنوعہ جالوں کے استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سمندری وسائل کے تحفظ کیلئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ارکان نے مچھلیوں کی افزائش کے ادوار کو مدنظر رکھتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر ماہی گیری کے موسم کی بندش کی پالیسی پر بھی غور کیا۔ کمیٹی نے ماہی گیری کے شعبے میں تحقیق اور اعداد و شمار جمع کرنے کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جبکہ فشریز کونسل کے کردار کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا کہ مجوزہ قانون کو حتمی شکل دینے سے قبل ماہی گیروں اور دیگر متعلقہ فریقین کی آرا حاصل کی جائیں گی اور قابل عمل تجاویز کو بل میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس کوئٹہ سے باہر قائمہ کمیٹی کا پہلا اجلاس تھا، جس کے ذریعے گوادر کے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے براہ راست مشاورت کا موقع ملا۔ کمیٹی کی سفارشات شامل کرنے کے بعد بل کو منظوری کیلئے مقررہ قانونی مراحل سے گزارا جائے گا

Just In
27-10-2026