کوئٹہ میں جاری اپنے یوم عاشور کے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کربلا پوری انسانیت کے لیے حق، عدل، صبر اور استقامت کا لازوال پیغام رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ نے اسلام کی سربلندی، حق کی فتح اور ظلم کے خلاف مزاحمت کے لیے بے مثال قربانی اور جرات کی مثال قائم کی۔ ان کے مطابق کربلا کا پیغام ہمیں سچائی اور انصاف کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یوم عاشور اتحاد، بھائی چارے، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا دن ہے، اور معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور قانون کی حکمرانی مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے محرم الحرام اور یوم عاشور کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے، جلوسوں کی سہولت اور مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے جامع انتظامات کیے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے علمائے کرام، منتظمین اور عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے صوبے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
