ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں فیلڈ نگرانی مزید مضبوط بنانے، عوامی خدمات بہتر کرنے اور حکومتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے اضافی ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انتظامی کارکردگی، طرز حکمرانی، عوامی خدمات اور شہریوں کے مسائل کے حل کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں صحت اور تعلیم کی سہولیات، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد، تجاوزات کے خاتمے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام تحصیلوں کی کارکردگی پر مشتمل جامع جائزہ رپورٹ تیار کرکے اعلیٰ حکام کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا عملی اظہار شہریوں کو بروقت ریلیف اور بہتر خدمات کی فراہمی سے ہونا چاہیے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کو باقاعدگی سے فیلڈ دورے کرنے، سرکاری اداروں اور بنیادی سہولیات کی نگرانی اور مقررہ کارکردگی اشاریوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔ نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ قانون کی بالادستی، شفاف انتظامیہ، جواب دہی اور عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کے بنیادی اصول ہونے چاہئیں