29°C Sunny

ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 قومی اسمبلی سے منظور – چیف آف ڈیفنس فورسز اور نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ سے متعلق قانونی فریم ورک تشکیل خبر

قومی اسمبلی نے جمعرات کو کثرت رائے سے ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ترمیمی بل منظور کرلیے۔ دونوں قانونی مسودوں کی وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں منظوری دی تھی، جس کے بعد انہیں قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 کا مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز کے عہدوں کے لیے قانونی اور انتظامی فریم ورک تشکیل دینا ہے۔ اسی اجلاس میں کابینہ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010 میں ترامیم کی بھی منظوری دی، جس کے بعد ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا اور کثرت رائے سے منظور ہوگیا۔

یہ قانون سازی 27ویں آئینی ترمیم کے بعد دفاعی اور ادارہ جاتی ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں سے منسلک ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں منظور ہونے والی آئینی ترمیم کے تحت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کرکے چیف آف ڈیفنس فورسز کا نیا عہدہ تشکیل دیا گیا تھا۔

آئینی تبدیلیوں کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر ہوئے۔ ترمیمی انتظامات کے تحت نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر کا چار ستارہ عہدہ بھی تشکیل دیا گیا، جسے پاکستان کی اسٹریٹجک فورسز کے آپریشنل انضمام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس عہدے کے لیے سابق چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل رضا کو ترقی دے کر چار ستارہ جنرل مقرر کیا تھا۔

Just In
13-09-2026