28°C Sunny

اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیَل نعیم جان کی عوامی شکایات کے فوری ازالے اور شہری مسائل حل کرنے کے لیے محکموں کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت

شہری مسائل کے حل کے لیے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں غیر ضروری تاخیر اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ ہدایات ضلعی انتظامیہ گوادر کے زیرِ اہتمام کھلی کچہری کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چاکر خان اور متعلقہ محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

کھلی کچہری میں شہریوں نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار، تعلیمی سہولیات، ٹریفک کی روانی اور دیگر بنیادی شہری مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ شکایات کو صرف دفتری کارروائی تک محدود رکھنے کے بجائے متعلقہ علاقوں کا دورہ کرکے مسائل کی نشاندہی اور فوری عملی اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں آٹے، دودھ اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیا کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ حکام کو بازاروں کے معائنے مؤثر بنانے اور خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی گئی۔

تعلیمی شعبے کے حوالے سے اسکولوں کی سہولیات اور تعلیمی ماحول بہتر بنانے پر زور دیا گیا، جبکہ اساتذہ اور والدین کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔

گوادر شہر میں ٹریفک جام، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور سڑکوں پر گاڑی چلانے والوں اور پیدل چلنے والوں کو درپیش مشکلات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، جواب دہی اور محکموں کے درمیان رابطہ عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے ضروری ہیں۔