30°C Sunny

6.1 شدت کا زلزلہ، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں شدید جھٹکے

اسلام آباد، پاکستان میں جمعہ کی رات 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے اسلام آباد سمیت خیبرپختونخوا اور ملک کے شمالی و وسطی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ رات 9 بج کر 13 منٹ پر 190 کلومیٹر گہرائی میں افغانستان کے ہندوکش خطے میں آیا جس کے اثرات پاکستان کے مختلف شہروں تک پہنچے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پشاور، چترال، سوات، شانگلہ، راولپنڈی، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب کے کئی اضلاع میں محسوس کیے گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور، میانوالی، جھنگ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت متعدد علاقوں میں بھی جھٹکے آئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

حکام کے مطابق پاکستان تین بڑی ٹیکٹونک پلیٹس کے سنگم پر واقع ہے جس کے باعث زلزلے معمول کا حصہ ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔