: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع رخشان میں فی الفور فرنٹیئر کور (ایف سی) کی تعیناتی کا حکم دیتے ہوئے صوبے کے معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی “سیکیورٹی کوریڈور” قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط بنانا اور معدنی منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ فیصلہ کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہونے والی صوبائی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
منصوبے کے تحت رخشان ڈویژن میں اضافی ایف سی وِنگز، شاہراہوں پر چیک پوسٹس، جدید نگرانی کا نظام اور بارڈر پوسٹس کو مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور تربیت یافتہ فورسز کے بغیر دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، اور یہاں محفوظ ماحول ہی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بنیادی شرط ہے۔ وزیراعظم نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی اور انسداد دہشت گردی اقدامات کو بھی سراہا۔
اجلاس میں حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں انسداد پولیو، صحت، تعلیم اور توانائی کے منصوبے تیزی سے جاری ہیں۔ حکام کے مطابق بلوچستان میں نومبر 2024 کے بعد پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، جبکہ متعدد ہسپتال اور طبی مراکز فعال ہو چکے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ صوبے کے 99 فیصد اسکول فعال ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ شمسی توانائی کے منصوبے سے ہزاروں گھرانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
وزیراعظم نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اسکلز، اسکالرشپس اور روزگار کے مواقع بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے میں انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنا رہی ہے تاکہ ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔