30°C Sunny

پاکستانی ملاحین کے لیے ناروے کے جہازوں پر روزگار کے مواقع

 

پاکستان اور ناروے کے درمیان ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت پاکستانی ملاحین کو ناروے کے پرچم بردار جہازوں پر ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔ معاہدے کے مطابق پاکستانی سیفیررز کی تربیت اور سرٹیفیکیشن کو تسلیم کیا جائے گا جس سے انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بحری صنعت میں کام کرنے کی اجازت ملے گی۔

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے اس معاہدے کو پاکستان کے بحری شعبے کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان اور ناروے کے درمیان بحری تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا۔

پاکستانی سفیر برائے ناروے سعدیہ الطاف قاضی اور ڈائریکٹر جنرل شپنگ اینڈ نیویگیشن الف ٹور سورہیم نے اس معاہدے پر دستخط کیے۔ حکام کے مطابق یہ دونوں ممالک کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس سے پاکستانی اہلکاروں کی بین الاقوامی سطح پر روزگار تک رسائی آسان ہو جائے گی۔

وزیر بحری امور نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے اپنے ملاحین کے لیے عالمی سطح پر مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ یہ شعبہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ کا ذریعہ ہے۔ ناروے جیسے ترقی یافتہ بحری ملک کے ساتھ شراکت داری سے پاکستانی ملاحین کو بہتر آمدنی اور جدید مہارتیں حاصل ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بحری تربیتی اداروں کی بہتری اور بین الاقوامی معیار کی پاسداری پر کام کر رہی ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی شپنگ انڈسٹری میں بہتر انداز میں شامل کیا جا سکے۔ اس معاہدے کو نہ صرف روزگار کے فروغ بلکہ معاشی استحکام اور ترسیلات زر میں اضافے کے لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔