30°C Sunny

برطانیہ میں ویزا سہولت تنازع ختم، دوہرا قونصلر نظام برقرار

لندن: اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے برطانیہ میں ویزا اور قونصلر سروسز سے متعلق ابہام دور کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن کی براہِ راست خدمات جاری رہیں گی جبکہ گیریز ویزا سروسز اور پاک آئی ڈی پلیٹ فارم بھی ساتھ کام کریں گے۔

انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو خط میں بتایا کہ کمیونٹی میں یہ خدشہ پیدا ہوا تھا کہ نئی ڈیل کے بعد تمام خدمات صرف نجی کمپنی کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، تاہم اصل صورتحال یہ ہے کہ دوہرا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس میں سرکاری اور نجی دونوں چینلز فعال رہیں گے۔

قمر رضا کے مطابق برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے اس وضاحت کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے سہولت میں اضافے کا مثبت قدم قرار دیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اس پالیسی کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچایا جائے تاکہ غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو سکے۔

پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق گیریز ویزا سروسز کو اضافی سہولتی مراکز کے طور پر شامل کیا گیا ہے جو پاسپورٹ، ویزا اور نائیکوپ درخواستوں کی پراسیسنگ اور دستاویزات کی وصولی میں مدد فراہم کریں گے، جبکہ حتمی فیصلے بدستور پاکستانی حکام کریں گے۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے برطانیہ کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کو سہولت ملے گی، کیونکہ انہیں لندن یا دیگر قونصل خانوں تک سفر کی ضرورت کم پڑے گی۔ مزید برآں ویک اینڈ پر بھی خدمات دستیاب ہوں گی جس سے درخواست گزاروں کو اضافی سہولت حاصل ہوگی۔

اس کے ساتھ ہی پاور آف اٹارنی، زمین سے متعلق امور اور دیگر اہم خدمات بدستور پاکستان ہائی کمیشن اور قونصل خانوں کے دائرہ اختیار میں رہیں گی، جس سے نظام کی شفافیت اور حکومتی نگرانی برقرار رہے گی۔