27°C Sunny

گوادر کے ذریعے 81 ٹن گدھوں کا گوشت، ہڈیاں اور کھالیں چین برآمد

پاکستان نے گوادر کے ذریعے 81 ٹن گدھوں کا گوشت، ہڈیاں اور کھالیں چین برآمد کردی ہیں۔ یہ کھیپیں 5 اکتوبر کو گوادر نارتھ فری زون میں قائم چینی کمپنی ہانگینگ کی تنصیب سے روانہ کی گئیں۔ کمپنی نے مجموعی طور پر 27 ٹن وزن کی تین کھیپیں بھیجیں، جنہوں نے مقررہ معیار، کسٹمز کلیئرنس اور برآمدی کارروائیوں کے تمام مراحل مکمل کیے۔ کمپنی کے ایک عہدیدار کے مطابق گدھوں کا گوشت منجمد حالت میں سمندری راستے سے منتقل کیا گیا۔ گوادر فری زون میں قائم تنصیب کی پالیسی کے تحت مصنوعات صرف ہوائی یا سمندری راستے سے برآمد کی جاسکتی ہیں تاکہ گدھوں کا گوشت اور اس سے تیار ہونے والی دیگر مصنوعات پاکستان کی مقامی منڈی میں داخل نہ ہوں۔ پاکستان نے گزشتہ سال گدھوں کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کیلئے ایک جدید مذبح خانے کی تعمیر مکمل کی تھی۔ چین کی قیادت میں مکمل ہونے والے اس منصوبے پر 5 کروڑ ڈالر لاگت آئی۔ چین میں گدھوں کے گوشت اور کھالوں کی نمایاں طلب ہے جبکہ کھالیں روایتی چینی دوا اجیاؤ کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔ پاکستان تقریباً 58 لاکھ گدھوں کے ساتھ دنیا میں اس آبادی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔ یہ برآمدات گوادر فری زون کے ذریعے پاکستان اور چین کے تجارتی روابط اور مخصوص مصنوعات کی برآمدی صلاحیت بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔