26°C Sunny

چین پاکستان مشترکہ امن اقدام، ایران امریکا جنگ میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش

بیجنگ: چین اور پاکستان نے ایران امریکا جنگ کے تناظر میں خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ پانچ نکاتی اقدام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

اسحاق ڈار نے چین کو پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کے معاشی و سماجی اثرات خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کیلئے خطرناک ہو سکتے ہیں۔

مشترکہ اقدام کے تحت جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی اور خطے میں استحکام کو فروغ دینے پر زور دیا گیا، جبکہ سی پیک کے تحت دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی اور امن، استحکام اور انسداد دہشت گردی کیلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔